کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پٹیل پاڑہ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ چاند پر پہنچ گئے اور کراچی والے پانی کو ترس رہے ہیں۔ 25جولائی یوم نجات ہے، کرپشن کا خاتمہ اور اسلامی انقلاب چاہتے ہیں تو ایم ایم اے کو ووٹ دیں۔ سراج الحق کا کہنا ہے کہ متحدہ مجلس عمل ایک کلین اور گرین پاکستان چاہتی ہے۔ کراچی میں بار بار متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کو موقع ملا لیکن انہوں نے حق ادا نہیں کیا اور مسائل میں اضافے ہی کئے ہیں، نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری خوش آئند ہے لیکن اس کے علاوہ پانامہ اسکینڈل میں ملوث 436 لوگوں سے زائد افراد کی فہرست میں نے چیف جسٹس کے سامنے پیش کی لیکن میں حیران ہوں کہ چیف جسٹس نے اب تک اس پر ایکشن نہیں لیا ہے، اتوار کوکراچی کے علاقے بنارس میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ 40 سال میں شہر میں پانی کا ایسا بحران نہیں آیا، حکمرانوں کے لیے تو فرانس سے منرل واٹر آجاتا ہے لیکن یہاں لمبی لمبی قطاروں میں لوگ پانی کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران خود تو امیر ہوگئے لیکن عوام کو غریب کرگئے ہیں، ملک کے بیروزگاروں کو روزگار نہیں دے سکے ہیں لہذا حکمرانوں کو شرم کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی ہر گلی و سڑک موہن جودڑو کے کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے لیکن 25 سال تک اس شہر کے اقتدار پر قبضہ کرنے والوں نے مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں عوامی مفاد کے بجائے اپنے مفادات کے لیے آپس میں لڑ رہی ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ مل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم احتساب چاہتے ہیں اور بے لاگ چاہتے ہیں، اگر یہ لوگ احتساب کے اس عمل کو مکمل نہیں کرسکے تو عوام 25 جولائی کو یوم احتساب منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا احتساب سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، ان تمام لوگوں کا بھی احتساب ضروری ہے جنہوں نے عوام اور ملک کے اداروں کو لوٹ کر قوم کو مقروض کردیا ہے، ہم تمام ڈاکوں کا احتساب ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
سراج الحق
کرپشن کے خاتمہ‘ اسلامی انقلاب کیلئے ووٹ دیں‘ کلین اور گرین پاکستان چاہتے ہیں : سراج الحق
Jul 09, 2018