کیا دن رات جھوٹ بولنے والے کو وزیراعظم بناﺅ گے : شہبازشریف

ہارون آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلٰی شہباز شریف نے ہارون آباد میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف 13 جولائی کو وطن واپس آ رہے ہیں۔ نواز شریف نے جمعہ کو واپسی کا اعلان کیا ہے۔ وہ اہلیہ کو بیماری کی حالت میں چھوڑ کر آ رہے ہیں۔ نواز شریف کے دل میں عوام کیلئے بے پناہ محبت ہے۔ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ سال 2013ءمیں 20، 20 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، آپ نے جھوٹے خان کو سنا، کہتے تھے پورے پاکستان میں بجلی لائیں گے، اب کہتے ہیں بجلی بیٹھ گئی ہے، بجلی تاروں پر ناچتی ہے، انہیں نہیں پتہ، کیا دن رات جھوٹ بولنے والے کو پاکستان کا وزیراعظم بنائیں گے۔ کیا ایٹمی طاقت کے منصوبے سے نواز شریف کی تختی مٹائیں گے۔ بجلی اور سی پیک کے منصوبوں سے تختی مٹائیں گے۔ نواز شریف نے کہا ہے عوام کے پاس جاﺅں گا اور ان کے ساتھ رہوں گا۔ جج نے خود کہا نواز شریف نے کرپشن نہیں کی، کئی سو ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کی میں نے سرمایہ کاری کرائی۔ یہ ٹھیک ہے کہ وہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے جو ہونا چاہئے تھے۔ دس سال میں جنوبی پنجاب میں کئی 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرائی۔ جو ہم پر الزامات لگاتے ہیں وہ جھوٹے ہیں، وہ کون سا کام ہے جو میں نے جنوبی پنجاب میں نہیں کیا۔ رحیم یار خان میں بہترین آئی ٹی یونیورسٹی بنائی ہے۔ خانیوال سے لودھراں 27 ارب کی دورویہ سڑک بنائی۔ جنوبی پنجاب کی آبادی سے زیادہ فنڈز مہیا کیا ہے۔ بچوں کو تعلیم کیلئے ایک ہزار وظیفہ دیا۔ جو لوگ چھوڑ گئے ہیں انہوں نے اربوں روپے کا فنڈ لیا، لوٹے اربوں روپے کا فنڈ کھائیں اور روپ بدل لیں، ہم نے نواز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کی۔ بجلی کا سب سے بڑا مسئلہ حل کیا ہے۔ اگلا سب سے بڑا چیلنج پانی کا ہے۔ اگر بجلی کا مسئلہ حل نہیں کرتے تو میں جلسے میں نہیں آتا۔ جھوٹے خان اور الزام خان اس قوم کو دھوکہ مت دو۔ یہ قوم دھوکے میں نہیں آئے گی۔ بجلی کے ہزاروں میگاواٹ کے منصوبے تین چار سال میں لگے ہیں۔ ہمیں اپنے کپڑے بھی بیچنے پڑیں تو بھی چولستان میں پانی لے کر آئیں گے۔ اگر بھارت اپنے چولستان کو سرسبز کر سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں کر سکتے۔ اربوں روپے خرچ کر کے یہاں پانی کا ذخیرہ بنائیں گے۔ چولستان کی ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہے۔ بھارت ہمارے دریاﺅں پر ڈیم بنا رہا ہے، پنجاب کو ملائشیا اور ترکی کے مقابلے میں نہ لایا تو میرا نام نہیں۔ وعدہ کرتا ہوں دن رات کام کروں گا۔ پیٹ کاٹیں گے، کپڑے بیچیں گے، بھاشا ڈیم بنائیں گے۔ بھاشا ڈیم پر 12 ارب ڈالر خرچ ہونگے۔ مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں شہباز شریف پیسے کہاں سے آئیں گے۔ طاہر بشیر چیمہ صحیح معنوں میں لوٹا ہے، اس کو فنڈز دیئے اور وہ سب سے بڑا لوٹا نکلا۔دریں اثنائمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور ائیر پورٹ پر والہانہ استقبال کیا جائے گا اورپارٹی ٹکٹ ہولڈر اپنے کارکنان کو لے کر لاہور پہنچیںگے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت ماڈل ٹا¶ن میں اہم اجلاس ہوا جس میں احسن اقبال، سعد رفیق ،ایاز صادق اور حمزہ شہباز سمیت دیگر اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد کی صورتحال اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جمعہ کو پاکستان میں واپسی پر غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا تمام پارٹی ٹکٹ ہولڈرز بھاری تعداد میں اپنے کارکنان کو لے کر لاہور پہنچیں تاکہ نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور ائیر پورٹ پر والہانہ استقبال کیا جاسکے اور اگرحکومت کی جانب سے ممکنہ طور پرراستے بند کئے گئے تو اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو پریس کانفرنس کے لئے ماڈل ٹا¶ن میں طلب کررکھا تھا لیکن اچانک لندن سے نئی ہدایات کے انتظار کے باعث پریس کانفرنس کو ملتوی کردیا گیا ۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن