کشمیریوں کے الحاق پاکستان کے خواب کی تعبیر استصواب رائے کی قراردادوں پر عملد رآمد ہے ،باقر بخاری

Jul 09, 2018

اسلام آباد () تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میجر (ر) سید باقر حسین بخاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی روایتی کاروائیوں سے ظلم و ستم کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے ، وہ دن دور نہیں جب کشمیری نوجوانوں کے لہو سے آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور بھارتی سامراج کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا ، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو اُنکے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پیدائشی حق خود ارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کرنے کی کوشش ناکام ہو گی اور کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی مذموم سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دینگے، کشمیریوں کے الحاق پاکستان کے خواب کی تعبیر اقوام متحدہ کی استصواب رائے کی قراردادوں پر عملد رآمد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے کشمیر کونسل کی جانب سے المرتضیٰ ہال میں منعقدہ شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں علمائے کرام ، دانشوروں اور کشمیر ی رہنمائوں نے شرکت کی اور کشمیریوں کیساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے وادی کشمیر میں حریت پسندوں کیخلاف پر تشدد کارائیوں کو حقوق انسانی کی پامالی قرار دیا ۔ ٹی این ایف جے کشمیر کونسل کے صدر سید ساجد حسین کاظمی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باورکرایا کہ کمانڈر ابراہیم وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی نئی قوت پیدا ہوئی ہے اور تحریک حریت جس عروج پر آ گئی ہے اُس سے منزل مراد قریب نظر آنے لگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھے ہوئے ہے جس میں ہر گز کمی نہیں آئے گی۔ٹی این ایف جے ضلع اسلام آباد کے صدر علامہ بشارت حسین امامی نے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ بھارتی جارحیت و اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے کر کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی ادائیگی کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب ادھورا رہے گا۔ کانفرنس سے علامہ سید عارف حسین الحسینی ، کمانڈر خواجہ صغیر انصاری ،عمران سبزواری اور سید ارشاد حسین نقوی نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں