اسلام آباد (اے پی پی)معروف کشمیری حریت لیڈر اورجموں وکشمیرلیبریشن فرنٹ کے رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ اورتنظیم پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہا ہے کہ برہان مظفروانی شہید اب فوک ہیروبن گئے ہیں، بر ہان مظفروانی شہید کشمیری قوم کے حقیقی ہیروہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے انتخابی منشور اور100روزہ منصوبہ بندی میں مسئلہ کشمیر کے حوالے عملی اقدامات کو شامل کرناچاہئیے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے اتوار کویہاں نیشنل پریس کلب میں پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن کے زیراہتمام نوجوان کشمیری حریت پسند شہید برہان مٖظفروانی کی شہادت کے موقع پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی کے سینئیررہنماء فرحت اللہ بابر، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سیدظفرعلی شاہ، معروف دفاعی تجزیہ نگارڈاکٹرماریہ سلطان ، حریت کانفرنس کے رہنماء عبدالحمیدلون اوردیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری قوم کو پاکستان اور پاکستانی قوم کشمیریوں سے پیار و محبت کا رشتہ ہے۔ برہان وانی اپنی زندگی میں مشعل راہ بن چکا تھا جبکہ شہادت کے بعد اب وہ لوک ہیرو بن چکے ہیں اور کشمیری نوجوان حتیٰ کے بچے بھی انہیں آئیڈیلائز کر رہے ہیں لوگ اپنے بچوں کا نام برہان کے نام پر رکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت کے جھوٹ اور پراپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا تھا اور پوری دنیا کو حریت پسند اور دہشتگرد کے درمیان فرق سمجھایا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں نہتے آبادی پر لاکھوں بھارتی فوجی مسلط کئے گئے ہیں جو ریپ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر تے ہیں ،جب قصور میں معصوم بیٹی زینب کا واقع ہوا تو پوری قوم نے احتجاج کیا ، مجرم پکڑا گیا اور اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا لیکن اس کے برعکس جموں کے مندر میں کشمیری بچی آصفہ کا ریپ ہوا تو اس معاملے کو ریاستی سرپرستی میں دبایا گیا ۔ عالمی برادری کو یہ معاملہ بھارت کے ریاستی پالیسی کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے بھارت مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم بالخصوص نوجوانوں کو قلم اور سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیری بہن بھائیوں کی آواز کو اٹھانا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے شہر شہر اور گائوں گائوں جائیں گے تاکہ کشمیریوں کے موقف کیلئے وہ ہم آواز ہوکر باہر آئیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رواں ماہ عام انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو 100روزہ منصوبہ بندی میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانا چاہئیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہاکہ برہان مظفر وانی کی شہادت سے کشمیری قوم بالخصوص کشمیری نوجوانوں میں حریت کا جذبہ بڑھا ہے اور کشمیر نوجوان جس طریقے سے اس تحریک آزادی میں شامل ہو رہے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ، ان کی شہادت کے بعد تمام حریت گرو پوں میں اتفاق اور اتحاد بڑھ گیا ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے نوجوانوں کے فعال ہونے کے بعد تحریک میں پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اپنی رپورٹ میں مسئلہ کشمیر کو علاقائی مسئلہ کے بجائے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے تناظر میں رپورٹ کیا ہے اس سے پاکستان کیلئے بھی ایک نیا دروازہ کھلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی تمام تر تفصیلات حاصل کرنے پر توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے اہلکاروں کے خلاف جنیوا کنونشن کے تحت مقدمات چلائے جا سکیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں او آئی سی کے تعاون سے پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی کی قرار داد پیش کرنا چاہئے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید ظفر علی شاہ نے کہاکہ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزاد کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے اور اب بھارت کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ جرنیل بھی اس بات کا اظہار کر رہے ہیں کہ کشمیر کو طاقت کے زور پر قبضے میں نہیںرکھا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر واحد مسئلہ ہے جس پر پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومتوں نے ماضی میں اس یک نکاتی ایجنڈے پر بعض مواقع پر ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے مشعال ملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس زیادہ جبر کیا ہوسکتا ہے کہ ایک بیوی کو انکے شوہر اور ایک بیٹی کو انکے باپ سے ملنے کیلئے ویزے سے انکار کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومتوں کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گیں اور برہان وانی کا مقدس خون رنگ لائیگا ۔ معروف تجزیہ نگار ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہا کہ کشمیر میں حالیہ بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، برہان وانی نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستان کو تصاویر کے ذریعے دنیا میں پہنچاکر بھارت کو حزیمت سے دوچار کیا اور کشمیر میں ڈیجیٹل جہاد کا تصور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسی پالیسی پر گامزن ہے جو اسرائیل نے فلسطینوں سے متعلق اپنا رکھی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 200سے زائد اجتماعی قبریں دریافت ہوئیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں معاونت اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے ۔سیمینار سے عبدالحمید لون ،ملک اختر اور منیبہ طارق نے بھی خطاب کیا ، سیمینار میں حریت رہنما یاسین ملک کی چھوٹی صاحبزادی رضیہ ملک توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
برہان مظفروانی شہید اب فوک ہیروبن گئے ہیں،مشعال ملک
Jul 09, 2018