کراچی(صباح نیوز) پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے گزشتہ روز ایک فٹ باتھ پر موجود حجام سے بال کٹوائے ۔انہوں نے بال کٹواتے وقت تصاویر بنوائیں اور ٹوئٹر پر شیئر کیں جس میں انہوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ٹوئٹ میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے جرمن سفیر نے لکھا کہ کراچی کی گلیوں میں بال کٹوائے!! حجام محمد سے مل کر اچھا لگا، وہ یہ کام کر کے اپنی بیوی اور 6 بچوں کی کفالت کرتا ہے، امید کرتا ہوں اپنے اگلے دورے پر اس سے پھر سے ملاقات ہوگی۔جرمن سفیر کی اعلیٰ ظرفی پر کئی صارفین نے ان کے عمل کو سراہا اور ان کو ایک فٹ پاتھ کے حجام سے بال کٹوانے پر خوب داد دی۔ایک صارف محمد حنیف نے کہا کہ یہ کافی زبردست بات ہے کہ جرمن سفیر نے ایک عالیشان دکان کے بجائے ایک سڑک پر غریب کی دکان پر جانے کو ترجیح دی۔ ایسے ہی ایک اور صارف رضا نے ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایک مڈل کلاس بھی گلی کے حجام کے پاس نہیں جاتا، آپ سیاستدانوں کے نسبت نچلے طبقے کے مسائل زیادہ بہتر جانتے ہوں گے، آپ واقعی انسانیت سے محبت کرنے والے ہیں۔