نواز شریف کیخلاف فیصلہ میں کہیں نہیں لکھا کیس پانامہ لیکس کا ہے: خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار) مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و امیدوار این اے 73خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کو دس سال قید سنانے والے جج نے فیصلہ میں یہ کہیں بھی یہ نہیں لکھا کہ یہ کیس پانامہ لیکس کا ہے اور نہ ہی پانامہ میں میاں محمد نوا ز شریف کا نام ہے، عمران خان میاں محمد نواز شریف کے خلاف پانامہ پانامہ کا شور مچاتا تھا یہ فیصلہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ میاں محمد نواز شریف کا پانامہ کے ساتھ نہ کبھی تعلق تھا نہ ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مفت باری کی بھی کوئی حد ہوتی ہے عمران خان عمرہ پر جس شخص کو خرچا کروانے کیلئے ساتھ لیکر گیا اس کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے 3گھنٹے دفتر میں بیٹھا رہا یہ وہ شخص جو آپ کے ملک کا وزیر اعظم بننا چاہتا ہے ۔ خواجہ محمد آصف نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس آزمائش سے بھی نکل جائے گا۔ عوام کا سمندر نواز شریف کو امتحانات سے نکالے گا۔ چودہ پندرہ روز الیکشن میں رہ گئے ہیں ہر گھر تک میاں محمد نواز شریف کا پیغام پہنچائیں تاکہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کو تقویت ملے اور اس ملک میں ووٹرز کی عزت بحال ہو اور اللہ تعالیٰ کی مخلوق بھی آزاد ہوگی ۔ پی پی 37محمد منشاء ا للہ بٹ نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف 22کروڑ عوام کے دلوں میں بستا ہے 25جولائی شیر کی فتح کا دن ہے اور مخالفین کو شکست فاش ہوگی اور عوام کی ووٹ کی طاقت سے دوبارہ حکومت قائم ہوگی اور ترقی کا جو سلسلہ جہاں پر روکا تھا وہی سے شروع ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے یوسی پکا گڑھا کی مختلف یونین کونسل پکا گڑھا کی مختلف وارڈ میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ای پیپر دی نیشن