اسلام آباد(خصوصی نمائندہ+آئی این پی) بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم کے دوران مزار پر حاضری سے روکنے کے خلاف الیکشن کمشن میں پیپلزپارٹی نے درخواست دائر کردی ۔ درخواست دائر کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہئے ،چیئر مین پیپلز پارٹی نے جلال الدین سرخ پوش بخاری کے مزار پر حاضری دینی تھی ،مقامی پولیس نے انہیں وہاں جانے سے روکا اور تمام راستے بلاک کر دئیے، اس سارے عمل پر ایک تحریری درخواست الیکشن کمیشن کو دی ہے ،آزادانہ نقل و حرکت کے آئینی حق کو چھینا گیا۔ آئینی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونا ضروری ہے۔آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما اورمیں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضاکو خط لکھتے ہوئے اوچ شریف واقعہ پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ، خط کے متن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو اوچ شریف مزار پر حاضری دینے سے روکا گیا،اس معاملے میں نگران پنجاب حکومت کا کردار متنازع طور پر سامنے آیا،تمام صوبوں میں ہمارے امیدواروں کی سیکورٹی اور آسان نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے،منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن اپنے فرائض انجام دے،رکاوٹوں اور پری پول رگنگ کے واقعات کا نوٹس لیا جائے۔سینئر پولیس افسران اور مخالف سیاسی حلقوں کے درمیان ایک واضح تعلق نظر آیا جو کہ نہایت تشویشناک ہے، کلیدی سرکاری حکام جیسے ڈی آئی جی پولیس کا یہ عمل انتہائی قابل اعتراض ہے، خط میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ اس واقعہ کا فوری طور پر کانوٹس لیں،پاکستان کے تمام صوبوں میں ہمارے امیدواروں کی سیکورٹی اور آسان نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے۔
اوچ شریف واقعہ کے خلاف پیپلزپارٹی کی الیکشن کمشن میں درخواست، شیری رحمن کا خط
Jul 09, 2018