بھارت مقبوضہ کشمیر کو سی پیک میں شامل ہونے کی اجازت دے: محبوبہ مفتی

لاہور (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کو چین کے ’’سی پیک‘‘ منصوبے میں شامل ہونے کی اجازت دے، اس سے کشمیر کی صنعت و تجارت میں اضافہ ہو گا جس سے لوگوں اور ریاست کی معاشی صورتحال میں بہتری آئیگی۔ گزشتہ روز ایک بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کو سی پیک سمیت دیگر تجارتی راہداری کے منصوبوں میں شامل کرنا چاہئے، اسکے علاوہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مزید تجارتی راستے کھولنے چاہئیں تاکہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر تک ہر کسی کو رسائی کی اجازت دے، ہمیں سی پیک میں شامل ضرور ہونا چاہئے۔ اس کے علاوہ نوشہرہ جموں سیالکوٹ کے تجارتی راستے کو بھی کھولا جائے، آپ (بھارتی حکومت) کشمیر کی سرحدیں ایک بار کھول دیں تاکہ کشمیر کے لوگوں کو بھی نظر آئے کہ بھارتی حکومت ان کے لئے کیا کر رہی ہے تاہم محبوبہ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ’’سرحدیں‘‘ کھولنے سے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی بڑھ جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن