ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم توقعات پر پورا اترے گی : خالد سجاد کھوکھر

Jul 09, 2018

لاہور (چودھری اشرف) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں قومی ٹیم توقعات پر پورا اترے گی، سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے نیدر لینڈ میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ذاتی طور پر ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی جس نہج پر پہنچ چکی تھی اسے راتوں رات واپس ٹاپ پر لانا مشکل تھا ہم نے پوری کوشش کر کے نہ صرف کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچز فراہم کیے بلکہ ان کے لیے تربیت کی بھی بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔ پاکستان ٹیم ایشین گیمز میں حریف ٹیموں کو پکڑ لے گی، چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں سامنے آنے والے خامیوں پر قابو پانے کے لیے ٹیم مینجمنٹ نے مشاورت شروع کر دی ہے۔ اس وقت پاکستان ہاکی کو سپورٹ کی ضرورت ہے، یہ کسی ایک کا کھیل نہیں ہے بلکہ پاکستان کا نیشنل کھیل ہے لہٰذا منفی سیاست کی بجائے اس کی ترقی میں ہر کسی کو ہاتھ بٹانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا صدر بنا ہوں میری کوشش رہی ہے کہ کھیل اور کھلاڑیوں کے لیے جو کچھ بھی اچھا ہو وہ کر کے جاوں، فیڈریشن کروڑوں روپے کی مقروض تھی، کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس اور انعامی رقم دینے والی تھی، تمام قرضہ اتارا اور اب پاکستان ہاکی ایک درست سمت میں کام کر رہی ہے۔ جہاں تک جونیئر ٹیم کے دورہ۔ کینیڈا کا تعلق ہے اس میں نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ اس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو صرف اپنے کھلاڑیوں کے سفری اخراجات برداشت کرنا پڑے ہیں جبکہ باقی تمام خرچہ کینیڈین ہاکی فیڈریشن نے خود برداشت کیا ہے۔ ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو ایسے مواقعے فراہم کرتے رہیں گے تاکہ انہیں بین الاقوامی میچز کا تجربہ حاصل ہو جو ملک و قوم کے کام آئے گا۔

مزیدخبریں