بہت غربت دیکھی ‘ماں سے حالات تبدیل کرنے کا وعدہ پورا کردیا : رومیلو لوکاکو

Jul 09, 2018

لاہور (سپورٹس ڈیسک)بیلجیئم کے سٹار فٹبالر رومیلو لوکاکو نے کہا ہے کہ بچپن میں بہت غربت دیکھی ہے ۔ 6برس کی عمر میں تھا کہ گھرمیں کھانے کو کچھ نہیں ہوتا تھا ‘ماںکو دودھ میں پانی ملاتے دیکھا تاکہ پورا ہو جائے‘یہ سب دیکھ کر بہت دکھ ہوتا تھا ۔ ہوش سنبھالاتو دیکھانہ گیااور ماں سے کہا کہ کچھ کر کے دکھائوں گا۔ کلب کی طرف سے فٹبال کھیلنے نکل گیا ۔ کوچ ہر میچ میں باہر بٹھاتے تھے ‘شرط لگائی کہ 25گول کر کے دکھائوں گا ‘ہدف حاصل کیا تو کوچ نے اعتمادکیا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ ‘چیمپئنز لیگ اور ورلڈ کپ کھیلنے کا کبھی سوچابھی نہ تھا۔ ماں سے کیا وعدہ پورا کیا اور بھائی بہن کو سب کچھ دیا جو وہ سوچ بھی نہیںسکتے تھے ۔ ورلڈ کپ میں گول سکورر سے بڑھ کر ٹیم کی طرف سے حریف ٹیم کیلئے سب سے بڑھ کر خطرہ ہوں ۔ بچپن میں سب کچھ تبدیل کرنے کا خواب دیکھا اور فٹبال کے ذریعے کر دیا ۔

مزیدخبریں