راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ، این این آئی، نامہ نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف کو ڈبونے میں سب سے بڑا ہاتھ اس کی اپنی بیٹی مریم نواز کا ہے۔ تھل ایکسپریس کی روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلو بٹ کے بعد ایک اور بٹ بھی منظرعام پرآگیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود لوگ کرپٹ ہیں، ویڈیو کا فورنزک آڈٹ کروانے سے جھوٹ اور سچ ثابت ہو جائے گا۔ دریں اثناء میانوالی کے دورہ کے موقع پر شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ضلع میانوالی کی عوام کو سستے اور محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 19جولائی سے ماڑی انڈس تا لاہور میانوالی ایکسپریس ٹرین چلائی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم پا کستان 19جولائی کو شام پانچ بجے اس ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اپنی آمد کے فوراً بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ گزشتہ دس مہینوں میں ضلع میانوالی کی عوام کیلئے یہ دوسری ٹرین ہے جو چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی ایکسپریس میں اے سی سلیپر کی سہولت بھی میسر ہو گی اور اے سی سلیپر کا میانوالی سے لاہور کرایہ صرف آٹھ سو روپے جبکہ اکانومی کلاس کا کرایہ ساڑھے تین سو روپے مقرر کیا ہے۔