اسلام آباد (صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ) متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے فیصلے کے مطابق آج منگل کو چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد کی مشترکہ قرارداد جمع کرائی جائے گی، سینٹ اجلاس میں قرارداد پر خفیہ رائے شماری ہوگی، قرارداد کی منظوری پر نئے چیئرمین سینٹ کا انتخاب ہوگا، متحدہ اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین سینٹ کے مشترکہ امیدوار کے نام کا اعلان 11جولائی کو کردیا جائے گا۔ تحریک عدم اعتماد پر آئندہ ہفتے سینٹ کا اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے ایک ہفتہ میں اس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جاتے ہیں۔ عدم اعتماد کی تحریک سے تمام ارکان سینٹ کو آگاہ کیا جائے گا جس میں قرارداد سے متعلق آگاہی دی جائے گی کہ چیئرمین سینٹ کیخلاف قرارداد کا نوٹس موصول ہوا ہے۔ قرار داد پرمسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام ف، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کے سینیٹرز کے دستخط ہوں گے۔ مشترکہ قرارداد ہوگی۔ خفیہ رائے شماری کی بنیاد پر قرارداد پر فیصلہ ہوگا۔ جمعرات کو رہبر کمیٹی اور اپوزیشن کے پارلیمانی رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ مشترکہ امیدوار کا اعلان شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری مل کر کرینگے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق سے میر حاصل بزنجو نے ملاقات کی جس میں چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، تحریک پر حکمت عملی کے لیے اپوزیشن سینیٹرز کا اجلاس آج ساڑھے گیارہ بجے طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ میر حاصل بزنجو کا راجہ ظفر الحق سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ابھی تک نہ میں امیدوار ہوں اور نہ کسی نے میرا نام تجویز کیا ہے۔