اسلام آباد (آئی این پی)ملک کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے بنیادی مشن کے ساتھ ساتھ پا ک بحریہ نے ملک میںقومی و بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے گالف، ہاکی، شوٹنگ، سکواش اور سیلنگ رگاٹا جیسے کھیلوں کا انعقاد پاکستان نیوی کی خصوصی کاوش ہے۔ اسی جذبہ کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان نیوی کی جانب سے دوسری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2019 کا انعقاد 15سے21 جولائی 2019 تک ڈیفنس اتھارٹی کریک کلب ٹینس کورٹ میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کی زیر نگرانی کروایا جارہاہے۔چیمپئن شپ کی انعامی رقم 6لاکھ روپے مختص کی گئی ہے۔ اس قومی ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے تقریباً 150 سے 200 پیشہ ور اور نئے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 15 جولائی2019 جبکہ اختتامی تقریب 21 جولائی2019 کو منعقد کی جائے گی۔چیمپئن شپ کے دوران عمر کے لحاظ سے مرد کھلاڑیوں کی 9 مختلف کیٹیگریز میں مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ01 کیٹیگری خواتین کی اور ایک خصوصی افرادکی ہوگی۔