لندن( آن لائن )جاپان کے نامور ٹینس سٹار کی نیشیکوری اور امریکا کے ٹینس سٹار ثام قیوری فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔لندن میں جاری میگا ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میچز میں جاپان کے نامور ٹینس سٹار کی نیشیکوری نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف امریکن کھلاڑی سٹیو جانسن کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4،6-3 اور 6-2 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ایک اور میچ میں امریکا کے نامور ٹینس سٹار ثام قیوری نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد حریف آسٹریلوی کھلاڑی جان ملمین کو شکست فاش سے دوچار کیا، ان کی فتح کا سکور 7-6(7-3)، 7-6(10-8) اور 6-3 تھا۔ واضح رہے کہ پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں کی نیشیکوری کا مقابلہ قزاخستان کے میخائل کیوکیشکن سے ہوگا جبکہ ثام قیوری کا مقابلہ پری کوارٹر فائنل میچ میں ہم وطن ٹینز سینڈگرن سے ہوگا۔برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے اور ان کی امریکن جوڑی دار سرینا ولیمز سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مکسڈ ڈبلز دوسرے رائونڈ میں آج ایکشن میں نظر آئینگے۔اس سے قبل ایونٹ میں اینڈی مرے اور ان کی جوڑی دار سرینا ولیمز نے مکسڈ ڈبلز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مکسڈ ڈبلز پہلے رائونڈ میچ میں جرمن کھلاڑی اینڈرس مائز اور ان کی چلین جوڑی دار ایلکسا گوراچی کو ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔