لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ امین پارک لاہور سے تاوان کیلئے اغوا ء ہونے والی بچی میرب کی بحفاظت بازیابی پر سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ایس پی سی آئی اے سمیت پوری لاہور پولیس مبارک باد کی مستحق ہے ۔جنہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال کو یقینی بناتے ہوئے بچی کو حافظ آباد سے بحفاظت بازیاب کرواکر والدین کے حوالے کردیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ میرب کے اغواء کا معاملہ پولیس کیلئے چیلنجنگ کیس تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ دور حاضر میںجرائم پیشہ افراد جدید ٹیکنالوجی کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال کر رہے ہیں جس سے پولیس فورس کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسنٹرل پولیس آ فس میں بچی میرب کو بحفاظت بازیاب کروانے والی پولیس ٹیم کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں آئی جی پنجاب نے مجموعی طور پر 13افسران وا ہلکاروں کو تعریفی اسناد اورمجموعی طور پردو لاکھ اسی ہزار روپے کے کیش انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی ، سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی سی آئی اے سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
تاوان کیلئے اغوا ء بچی کی بازیابی پرلاہور پولیس مبارک باد کی مستحق ہے:عارف نواز
Jul 09, 2019