اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کچی آبادیوں کو جدید خطوط پر ترقی دیکر ان میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں معاشرے کے غریب طبقات کو نظرانداز کیا گیا، ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ وہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں کچی آبادیوں کو ترقی یافتہ شکل دینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی، نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین انور حیدر، صدر مملکت کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی، سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس عمران زیب خان، ڈپٹی چیئرمین این پی ایچ اے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر نے بھی کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کچی آبادیوں میں سکول، کالج، ہسپتال، کاروباری مراکز، مساجد، پارکس، کھیل کے میدان اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں کچی آبادیوں کو رہائشی علاقوں میں تبدیل کرنے کے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق طے پایا کہ کچی آبادیوں اور کراچی میں وفاقی حکومت کی اراضی و کوارٹرز کے متعلق ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے قبل تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
کچی آبادیوں کو جدید بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے: صدر علوی
Jul 09, 2020