لاہور (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے پنجاب میں 400سرکاری سکول بجلی کے بغیر چلنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ پنجاب میں 400سکول بجلی کی بنیادی سہولت کے بغیر ہیں۔ لاہور کے ایک گورنمنٹ پرائمری سکول رکھ سلطان پورہ میں بھی بجلی نہیں ہے۔ سب سے زیادہ بغیر بجلی کے سکول رحیم یار خان میں ہیں۔ جہاں انکی تعدا د 56 ہے یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دوسری طرف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی رابعہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک کے متن میں کہا گیا ہے موسمی سبزیاں بھی غریب کی پہنچ باہر ہو گئیں ہیں پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے عام آدمی کو مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ علاوہ ازیں میٹرو بس کو ایس او پیز کے تحت چلانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی مسلم لیگ ن کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ میٹرو بس کی 105 روز سے بندش کے باعث ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ساڑھے 37 کروڑ روپے نقصان کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اتھارٹی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔
مہنگی اشیائے ضروریہ‘ بجلی کے بغیر400 سرکاری سکولوں کیخلاف‘ میٹرو بس چلانے کی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع
Jul 09, 2020