اسلام آباد(نیوزرپورٹر)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کو نیا رخ دیا ہے۔ جموں اور لداخ کی کشمیریت کی انفرادیت کو محفوظ رکھنے کی جنگ وادی میں لڑی جا رہی ہے جس کو مٹانے کے لیے ہندوستان اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔عظیم کشمیری حریت پسند برہان مظفر وانی شہید کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں جولائی کی بڑی اہمیت ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 جولائی برہان وانی کی شہادت،13 جولائی 22 کشمیریوں کی شہادت،19 جولائی قرارداد الحاق پاکستان کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ آج 8 جولائی کشمیر کے بطل حریت برہان وانی کی شہادت کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کی والدہ محترمہ اور والد محترم کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کے بھائیوں،بہنوں اور شہید حریت پسندوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کو نیا رخ دیا برہان وانی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی کا مقصد حیات اپنانے کی ضرورت ہے۔کشمیری حریت پسندوں نے قرون اولی کے مسلمانوں کی یاد تازہ کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حریت قیادت کو بھارتی فوج نے پابند سلاسل کر رکھا ہے پورا کشمیر دس ماہ سے بند ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں اور لداخ کے کشمیریوں سے کہنا چاہتا ہوں وادی میں آپ کی شناخت کی جنگ لڑی جا رہی ہے آپ غیر کشمیریوں کو کشمیر میں کسی صورت آباد نہ ہونے دیں کیونکہ ہندوستان کشمیریت کی انفرادیت ختم کرنے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاراجہ کشمیر نے 1927 میں سٹیٹ سبجیکٹ نافذ کیا تھا جس کا مقصد کشمیر کی شناخت محفوظ رکھنا تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں اور لداخ والے غیر کشمیریوں کو داخل نہ ہونے دیں کشمیریت کی انفرادیت کو قائم رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی،جموں،لداخ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر اکائیاں ہیں ہندوستان غیر کشمیریوں کو کشمیر میں آباد کر کے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اس منصوبے کو ناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے ایک بڑے مقصد کیلیے قربانی دی ہے ریاست کی شناخت کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ایک ایک انچ کو بھارتی فوج کے ناپاک قدموں سے پاک کرنا ہے۔
برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو نیا رخ دیا : راجہ فاروق حیدر
Jul 09, 2020