اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت انتخابی اصلاحات کے عمل میں الیکشن کمیشن اورسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی ،اور اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد ہی الیکشن ایکٹ 2017میں ترمیم کی جائے گی،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے ساتھ الیکشن کمیشن میں ملاقات کے بعد جاری ایک بیان میں کیا ہے،انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ مجوزہ انتخابی اصلاحات بشمول اورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ اور عام انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ای وی ایمز کے استعمال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو یقین دلایا کہ کہ انتخابی اصلاحات کے عمل میں حکومت الیکشن کمیشن اورسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی اور اس پراسس کے مکمل ہونے کے بعد ہی قانون میں ترمیم کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کے آئینی مرتبہ کوتسلیم کرتی اور اس کی آزادی و خود مختاری کا احترام کرتی ہے ، اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کی جانب سے آ زاد اورصاف شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالئے سے ہونے والی قانون سازی کی مکمل سپورٹ کریں گے اور اس پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ،انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ای وی ایمز کے استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کی حمایت کرتا ہے ،تاہم اس کے لئے طریقہ کار رائج کرنا ہوگا تاکہ اس عمل پر کوئی انگلی نہ اٹھائی جاسکے ،اس حوالے سے ضمنی انتخابات اور مقامی حکومتوں کے انتخابات میں اس طریقہ کار کو استعمال کریں گے، تاکہ عام انتخابات میں اس پر تنازعات نہ کھڑے ہوسکیں ،اٹارنی جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ، عام انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ای وی ایمز کے استعمال اور دیگر ترامیم کے حوالے سے الیکشن ایکٹ 2017میں ترمیم کے لئے تمام فریقین بالخصوص الیکشن کمیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا ،اس مقصد کے لئے فریقین کے ساتھ مشاورت کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔
ا وفاقی حکومت انتخابی اصلاحات کے عمل میں الیکشن کمیشن اورسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی،اٹارنی جنرل خالد جاوید
Jul 09, 2021