لڑکی ، لڑکے پر تشدد، چاروں ملزم گرفتار، وزیر اعظم کا نو ٹس: رپورٹ طلب

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر ہونے والے تشدد کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات طلب کیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا آئی جی اسلام آباد کو کہنا تھا کہ معاملے پر رپورٹ وزیراعظم آفس بھجوائی جائے۔ذرائع کا بتانا ہے عمران خان کا آئی جی اسلام آباد کو کہنا تھا تمام ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پولیس اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے، ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔دریں اثناء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی تحقیقات کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا اور واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔لڑکے لڑکی پر تشدد کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے دو ساتھیوں کو پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کر لیا تھا ،واقعہ ایف آئی آر میں نامزد چوتھے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔  پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے موبائل سے ویڈیوز بھی برآمدکی گئی ہیں ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیاگیا ہے اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمان کا کہنا ہے واقعے میں ملوث تمام کرداروں کو سامنے لایا جائیگا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے تشدد کرنے والے بااثر ملزم عثمان مرزا  سمیت 3 افرادکو گرفتار کر لیاتھا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق متاثرہ لڑکی اور لڑکے نے شادی کر لی ہے۔ گرفتار ملزمان میں عثمان مرزا، فرحان، عطا اور ادریس شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن