اسلام آباد، دلی کی ڈکٹیشن نہیں مانتے، ہمارا وزیراعظم کشمیر کے معاملے پر نا کام: بلاول

حویلی آزاد کشمیر +اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کا وزیراعظم سلیکٹڈ اور نالائق ہے، پاکستان کا وزیراعظم بزدل ہے جو کشمیر کیلئے بات نہیں کرسکتا، کشمیر پر حملہ ہو تو ہمارے وزیراعظم کا جواب ہوتا ہے ’’میں کیا کروں‘‘۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حویلی آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے آپ کے پاس آیا ہوں، پیپلز پارٹی کے خاتمے کی بات کرنیوالے یہاں عوام دیکھیں، پیپلزپارٹی کو کوئی ختم نہیں کرسکتا، کشمیری عوام نے 3 نسلوں سے ہمارا ساتھ دیا، قائد عوام نے ہمیں سکھایا تھا کشمیری بہن بھائیوں کیلئے ہزار سال بھی جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے، کشمیریوں بھائیوں نے ایک دن کیلئے بھی شہید بی بی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام 25 جولائی کو بنی گالہ والوں کو بھگائیں گے، کشمیر پر حملے کا جواب اپنے ہی نقشے میں تبدیلی سے دیا جاتا ہے، ہم کشمیری عوام کے حکم پر چلیں گے، کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں، ہم اسلام آباد اور دلی کی ڈکٹیشن نہیں مانتے، ہمارا وزیراعظم کشمیر کے معاملے میں ناکام رہا، بینظیر کہتی تھیں جہاں کشمیری کا پسینہ گرے گا وہاں میرا خون گرے گا، حویلی کے عوام کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر کا سودا نامنظور۔بلاول بھٹو زرداری نے شہید برہان وانی کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا ہے کہ شہید برہان والی کشمیر کی صبح آزادی کا نقیب تھا۔ خون شہید رنگ لائے گا۔ شہید برہان وانی کی قربانی نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونکی۔ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارب گری کے واقعات کی عالمی تحقیقات کرائی جائے‘ وقت آ گیا۔

ای پیپر دی نیشن