کھلاڑیوں سے کہوں گا گھبرانا نہیں کم بیک کرینگے: بابر اعظم،ہر میچ آسان نہیں ہوتا: بین سٹوکس

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ سے شکست پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے، پریشان نہیں ہونا۔ انگلینڈ سے شکست پر کوئی دھچکا نہیں لگا ہے۔ اچھے برے دن آتے رہتے ہیں۔ اس سے پہلے سیریز میں ہم اچھا کھیلتے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر پورا اعتماد ہے۔ میں اپنی ٹیم کے لڑکوں کے ساتھ بیٹھوں گا اور انہیں کہوں گا کہ گھبرانا نہیں اور بالکل پریشان نہیں ہونا۔ غلطیوں سے جتنا جلدی سیکھیں گے اتنا ہی اچھا ہو گا۔ آج کے میچ کا سارا کریڈٹ انگلینڈ کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ ہماری ٹیم مومینٹم نہیں پکڑپائی اور نہ ہی کوئی بڑی پارٹنر شپ لگ سکی۔ فخر زمان جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے ہی فارم میں ہیں اور انہوں نے اس میچ میں بھی اپنی فارم برقرار رکھی۔ ہم نے لارڈز کے میچ پر نظریں رکھی ہوئی ہیں، ہمیں سخت محنت کرنی ہوگی اور جیت کیلئے بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔انگلش کپتان بین سٹوکس کا کہنا ہے کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو یہی پیغام دیا تھا کہ وہ حالات کا مزہ لیں اور میچ میں وہی کریں جو وہ اپنی کاؤنٹیز کیلئے کرتے ہیں۔ ان کی ٹیم نے بہت ہی عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس نے ان کی پہلی بار کی کپتانی کو آسان بنا دیا۔ جب آپ کو بالکل نو آموز کھلاڑیوں کا ایک گروپ دیدیا جاتا ہے تو آپ کو پرفارمنس کیلئے بڑی جان مارنی پڑتی ہے لیکن پہلے ون ڈے میچ میں ہماری ٹیم پر کسی بھی لمحے پریشر نہیں آیا۔ کرکٹ کا ہر میچ اتنا آسان نہیں ہوتا لیکن میں نے اپنے کھلاڑیوں کو پیغام دیا تھا کہ ہم جس صورتحال میں پھنسے ہوئے ہیں اس کو سر پر سوار کرنے کی بجائے اس کا مزہ لیں اور میچ میں وہی کریں جو وہ اپنی کاؤنٹیز کیلئے کرتے ہیں۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرکے دکھ دینے والے ثاقب محمود کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کے چکر میں وکٹیں گنوائیں۔ بطور ٹیم آپ جیتنا جبکہ بطور کھلاڑی آپ اس جیت میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ جیت کیلئے سب سے ضروری ہے کہ آپ کنڈیشنز کو پڑھیں۔ پاکستان ٹیم نے بڑے شاٹس لگانے کی کوشش کی لیکن ہم نے اٹیکنگ انداز میں فیلڈنگ کی، امید ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو اس جیت سے اعتماد حاصل ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن