لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم میں شامل بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ایم آر آئی سکین میں انکشاف ہوا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں، وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے۔پی سی بی کے میڈیکل پینل نے حارث سہیل کو 4 ہفتے کا ری ہیب پروگرام تجویز کیا ہے،جسے مکمل کرنے پرمڈل آرڈر بیٹسمین کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائیگا۔انگلینڈ کیخلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں منتخب ہونے والے حارث سہیل اب وطن واپس پہنچ کر نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کیخلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ مستقل بنانے کے منتظر تھے تاہم انجری کے باعث انہیں اپنا دورہ مختصر ہونے پر افسوس ہے۔ اب لاہور واپس پہنچ کر اپنے ری ہیب پروگرام کاآغاز کروں گا تاکہ ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کیلئے خود کو تیار کرسکوں۔ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں تین کھلاڑیوں کو ون ڈے ڈیبیو کرایا ہے۔انگلینڈ کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں برائیڈن کارس‘زاک کرالی ‘لیوس گریگوری ‘فل سالٹ اور جان سمپسن نے گزشتہ روز پہلی بار ون ڈے میچ کھیلا۔ زاک کرالی اور گریگوری انگلینڈ کی طرف سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی ٹونٹی میچز کھیل رہے ہیں ۔ انگلینڈ نے آخری مرتبہ 2015ء میں آئرلینڈ کیخلاف ون ڈے میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا تھا ۔ جیسن رائے ‘مارک ووڈ بھی ان کھلاڑیوں میں شامل تھے ۔ انگلش سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھا ۔ بین سٹوکس کپتان ‘ڈیوڈ ملان ‘زاک کرالی ‘جیمز ونس‘جان سمپسن ‘لیوس گریگوری ‘کریگ اوورٹن ‘برینڈن کارس‘ثاقب محموداور میٹ پارکنسن ‘پاکستانی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھا ۔بابر اعظم کپتان ‘فخر زمان ‘امام الحق ‘محمد رضوان ‘سعود شکیل ‘صہیب مقصود‘شاداب خان ‘فہیم اشرف ‘حسن علی ‘شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف ۔ سعود شکیل نے پاکستان کی طرف سے ون ڈے ڈیبیو کیا جبکہ صہیب مقصود کی پانچ سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔