لاہو ر (کامرس رپورٹر ) چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے کہا ہے کہ مالی سال 2020-21 میں صوبہ پنجاب میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح گزشتہ 10 سالوں کی نسبت سب سے زیادہ رہی ہے۔ مالی سال 2020-21 میں صوبہ کے مختلف میگا منصوبہ جات کیلئے 308 ارب روپے فنڈز کا اجرا کیا گیا جس میں سے 300.77 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے جو کہ 97 فیصد استعمال بنتا ہے۔ نہ صرف تمام متعلقہ ڈویلپمنٹ سیکٹرز کے ترقیاتی فنڈز کو نئی اور پہلے سے جاری سکیموں پر بر وقت اور جامع حکمت عملی سے خرچ کیا گیا ہے ۔بلکہ پی اینڈ ڈی بورڈ کی مضبوط مانیٹرنگ پالیسی اور تمام انتظامی سیکرٹریز کی زیر نگرانی فنڈز کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو ممکن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا کے باعث ہیلتھ کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ پچھلے مالی سال ہیلتھ سیکٹر کیلئے 57 ارب 16 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے جس میں سے 56 ارب روپے متعلقہ ترقیاتی سکیموں پر خرچ کئے گئے تھے جو کہ مختص شدہ فنڈز کا تقریباً 99 فیصد استعمال بنتا ہے۔ ایجوکیشن سیکٹر میں سکول ایجوکیشن کیلئے 29.6 ارب سے زائد کی رقم مختص کی گئی تھی جبکہ 27.4 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی گئی ہے جو کہ 93 فیصد بنتا ہے۔ روڈز سیکٹر کیلئے 46 ارب روپے مختص کئے گئے اور مذکورہ فنڈز کے 100 فیصد استعمال کو یقینی بنایا گیا۔ اسی طرح ایگریکلچر سیکٹر کیلئے مالی سال 2020-21 میں مختص شدہ ٹوٹل فنڈز کا 93 فیصد، اریگیشن سیکٹر کا 91 فیصد، ٹرانسپورٹ سیکٹر کا 96 فیصد، سوشل ویلفیئر کا 93 فیصد، اربن ڈویلپمنٹ، انرجی، پبلک بلڈنگز اور موحولیات کا 98 فیصد مختلف ترقیاتی منصوبہ جات پر خرچ کیا گیا ہے۔