راولپنڈی (سٹی رپورٹر)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتہ سے مون سون کی شدید بارشوں کا آغاز متوقع ہے اس لئے کپاس کے کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ اپنی فصل کے بچاؤ کے لئے تمام تر پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرلیں یہ بات ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر زاہد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہی ہے۔ ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ بارشوں کا سلسہ ملک بھر میں 12جولائی سے شروع ہو رہا ہے جو25جولائی تک اختتام پذیر ہوگا۔ اس لئے کپاس کے کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ اپنی فصل پر بارشوں کے آغاز سے پہلے پیشگی انتظامات کریں۔مثلاً جن کاشتکاروں نے ابھی کھیتوں میں کھادنہیں ڈالی یا سپرے نہیں کیا تو وہ اپنی فصل کی مینجمنٹ مکمل کرلیں اور اسی طرح کپاس کے کاشتکار بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصل کی آبپاشی کریں۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے مزید بتایا کہ اگر بارشوں کی وجہ سے کھیت میں پانی بھر جائے تو اس کے نکاس کا فوری بندوبست کیا جائے اور کھیت میں 24گھنٹوں سے زیادہ پانی کو کھڑا نہ ہونے دیں۔