رہنما پاکستان تحریک انصاف سابق معاون خصوصی ذولفی بخاری نے رنگ روڈ کی رپورٹ بنانے والے کمشنر راولپنڈی کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ رپورٹس کے مطابق رہنما پی ٹی آئی ذولفی بخاری نے راولپنڈی رنگ روڈ کی رپورٹ بنانے والے کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ کے خلاف قانونی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ذولفی بخاری نے کمشنر راولپنڈی کو ایک ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی رپورٹ میں ذولفی بخاری سے متعلق من گھڑت بیان نے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، کمشنر راولپنڈی 14 روز میں نوٹس کا جواب جمع کرائیں، انکوائری رپورٹ میں ذولفی بخاری کے حوالے سے دیا گیا بیان واپس لیں، اپنے بیان پر اعلانیہ طور پر ذولفی بخاری سے معافی مانگیں، اور اپنے بیان کی تردید جاری کریں۔واضح رہے کہ سابق معاون خصوصی ذولفی بخاری نے رنگ روڈ اسکینڈل کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد خود کو ہر قسم کی تحقیقات کے لیے پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا رنگ روڈ منصوبے سمیت رئیل اسٹیٹ کے کسی بھی منصوبے سے کوئی تعلق نہیں، کسی بھی قسم کی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں، جب تک میرے خلاف انکوائری مکمل نہیں ہوجاتی میں اپنے عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں۔