عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اٹھایا اس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی، کشمیر کی عوام وزیر اعظم عمران خان پربھرپوراعتماد کرتی ہے،پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 55ارب روپے نالہ لئی منصوبہ کی تعمیر کے لئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ویلی 4 حلقہ LA 43 میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد رکھتی ہے کیونکہ عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اٹھایا اس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی ،آزاد جموں و کشمیر کے آیندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی پارٹی ہی حکومت بنائے گی ،راولپنڈی والے بھی پی ٹی آئی کے ہی امیدوار کو کامیاب کرینگے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نالہ لئی اٹھارہ کلو میٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ہے جو عمار چوک سے شروع ہوگا اور پنڈورہ تک اختتام ہوگا جس کے دونوں اطراف ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا اور اسی سال ٹینڈرڈ کرنے کے بعد شروع کردیا جائے گا ۔شیخ رشید احمد نے بتایا ہے کہ نالہ لئی پروجیکٹ راولپنڈی شہر کے لئے گیم جینجر ہوگا اور اس کی تکمیل سے راولپنڈی میں  نہ صرف ٹریفک کے دباو میں کمی آئے گی بلکہ یہ سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لئے آسانی کاباعث بنے گا جبکہ نالے کی پختگی کے ساتھ کچی بستیاں بھی متبادل جگہوں پر منتقل کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کرونا کی چوتھی لہر کے بارے میں عوام میں آگہی ہونی چاہئے۔ ہمسایہ ممالک میں کرونا وائرس کی وجہ سے مر یضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں طبی سہولیات کی صورت حال ببہت بہتر ہے لیکن پھر بھی عوام کو احتیاط کرنی ہے۔وزیر داخلہ نے تقریب کے شرکاء کو تاکید کی کہ وہ جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں تاکہ کرونا وائیرس سے محفوظ رہا جاسکے. 

ای پیپر دی نیشن