لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنائے بغیر میں کسی بھی کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔ ملک میں اتھلیٹکس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کیلئے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی اور ان کی ٹیم ہر ممکن کوشش کررہی ہے لیکن اس کیساتھ ساتھ کھیلوں کی ترقی کیلئے حکومت کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ پاکستانی اتھلیٹ کسی سے کم نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔ پھر بھی ہمارے کھلاڑی کم وسائل کے باجود بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لیکن اس وقت تعلیمی اداروں میں حکومت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ فیڈریشن اکیلی کچھ نہیں کرسکتی جب تک حکومت ساتھ نہ دے۔ فیڈریشن سال میں باقاعدگی سے قومی سینئر، یوتھ اور جونیئر چیمپئن شپ کے الگ الگ مقابلے کروانے کے علاوہ کوچنگ کورسز کا بھی انعقاد کرتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ بہت کم ملتی ہے جس میں تو ایک ایونٹ بھی کروانا مشکل ہوتا ہے۔ کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے کوالیفائڈ کوچز کی خدمات بہت ضروری ہوتی ہیں۔