لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق سے ملاقات میں اس تجویز سے اتفاق کیا ہے کہ معیشت کی بحالی و ترقی کیلئے اکنامک ڈپلومیسی پر توجہ دی جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے خصوصی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان نے قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے بلاول بھٹو کی دادی کیلئے بھی فاتحہ کی۔ وزیر خارجہ نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو چین اور ایران کے کامیاب دوروں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کیساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ میاں نعمان کبیر، میاں رحمن عزیز چن اور حارث عتیق نے کہا کہ تجارتی اور اقتصادی معاملات پر چیمبرز کو آن بورڈ لیا جائے، ملک کی بیرونی تجارت کو فروغ دینے کیلئے بیرون ملک تعینات پاکستانی ٹریڈ آفیسرز کو فعال اور دفتر خارجہ کیساتھ رابطہ میں رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سلوگن امداد نہیں بلکہ تجارت ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تجارت بڑھے گی تو پاکستان کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک کو فلائٹ آپریشنز کی بحالی کے لیے وزیر خارجہ سے مدد طلب کی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی مصنوعات کی دنیا بھر کی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ میاں نعمان کبیر نے وزیر خارجہ کو لاہور چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ تجارتی و اقتصادی اُمور پر تاجر برادری سے فیڈ بیک لیں، وزیر خارجہ نے جلد ہی لاہور چیمبر کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
معاشی بحالی کیلئے اکنامک ڈپلومیسی ،بلاول بھٹو کا لاہور چیمبر سے اتفاق
Jul 09, 2022