اسلام آباد (نامہ نگار ) گورنر پنجاب انجینئربلیغ الرحمان نے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ عظام قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ، ان کی عزت و توقیر میں اضافہ کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ پنجاب حکومت امن کمیٹیوں ،سنڈیکیٹ جامعات ، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن سمیت ہرسطح پر علماء و مشائخ کی نمائندگی کو یقینی بنائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایم ایل این علماء و مشائخ ونگ پنجاب کے صدر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں وفد سے گفتگو میں کیا ۔گورنر ہاؤس میں ملاقات کرنے والوں میں سیکرٹری جنرل پنجاب حافظ امجد علی ، صدر علماء ومشائخ کپیٹل اور راولپنڈی ڈویثرن ڈاکٹر پیر ظہیر عبا س قادری اور مختلف شہروں و تحصیلوں کے صدر و سیکرٹری جنرل شریک تھے ۔ بعد ازاں میٹنگ کی بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر پیر ظہیر قادری نے کہا کہ گورنر پنجاب نے صوبے میں قربانی کی کھا لوں کے جمع کرنے پر عائد پابندی اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے ان کا کہنا تھا کہ مدارس کی سپورٹ سے منسلک تعمیری سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔انجینئربلیغ الرحمان نے تعلیمی اداروں میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ پڑھانے کا بھی اعلان کیا ، وفد کے ممبران نے گورنر پنجاب کو نئی ذمہ داری سمبھالنے پر مبارک باد بھی دی ۔