چھانگا مانگا (نمائندہ نوائے وقت)حج تمام مالی اور جسمانی عبادتوں کا مجموعہ ہے۔قرآن مجید کی مختلف سورتوں اوراحادیث میں اس کی فرضیت و فضیلت بیان کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ پیر فلک شیر بخاری آف بھوئے آصل کے سجادہ نشین پیر سید عبادت علی شاہ بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانی حقو ق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ چودہ سو سال پہلے میدان عرفات میں آخری نبی حضرت محمد رسول اللہؐ نے آخری خطبہ حج دیا تھا۔ حضرت محمد رسول اللہ ؐ نے فرمایا اے لوگو! میری بات غور سے سنو، صرف اللہ کی عبادت کرو، پانچ فرض نمازیں پوری رکھو، رمضان کے روزے رکھو، اورزکوۃ ادا کرتے رہو۔ اگر استطاعت ہو تو حج کرو۔یاد رکھو، تم نے اللہ سے ملنا ہے، اور اللہ تم سے تمہارے اعمال کی بابت سوال کرے گا۔زبان کی بنیاد پر،رنگ نسل کی بنیاد پر تعصب میں مت پڑ جانا،کالے کو گورے پر اور گورے کو کالے پر،عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں،ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔