پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے تیار کیے گئے اس بے بنیاد دفاعی ڈوزیئر کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کردیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ملک میں دہشت گردی کے لیے منصوبہ بندی کررہا ہے۔ تینتیس صفحات پر مشتمل اس فرضی ڈوزیئر کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ اس ڈوزیئر کا مواد جعلی رپورٹوں اور جھوٹی کہانیوں پر مبنی ہے جس کا مقصد دنیا کی توجہ ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات سے ہٹانا ہے جو بھارت اپنے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری رکھے ہوئے ہے اور جن سے متعلق واضح ثبوت و شواہد موجود ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات بھی ہوئے ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر، ادے پور اور دیگر علاقوں میں دنگا فساد کرنے والوں کے بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ تعلقات دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان بارہا بین الاقوامی اداروں اور عالمی برادری کو بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کرچکا ہے اور اس سلسلے میں کئی بار ثبوت اور شواہد بھی ڈوزیئرز کی شکل میں مہیا کیے گئے ہیں لیکن یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ ناقابلِ تردید شواہد کی موجودگی کے باوجود بھارت کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے بھی دنیا پوری طرح آگاہ ہے اور یہ بات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ بھارت خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے اور عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے مختلف حرکتیں کرتا رہتا ہے۔ بین الاقوامی اداروں کو اس صورتحال کا نوٹس لے کر ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ بھارت کی امن مخالف سرگرمیاں کسی سنگین نتیجے کی شکل میں نہ ڈھل جائیں۔
بے بنیاد بھارتی ڈوزیئر مسترد
Jul 09, 2022