سرینگر‘ کپواڑہ (نوائے وقت رپورٹ‘ کے پی آئی‘ آئی این پی‘ نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کو نئی جہت دینے اور پوسٹر بوائے کے نام سے شہرت پانے والے برہان مظفر وانی کی شہادت کی چھٹی برسی گزشتہ روز یوم مزاحمت کے طور پر منائی گئی۔ سینکڑوں افراد نے مظفرآباد کے شہید برہان مظفر وانی چوک میں جمع ہو کر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ شہید برہان مظفر وانی نے 2010 میں بندوق اٹھائی اور چھ سال تک قابض بھارتی فوج کو تگنی کا ناچ نچایا۔ برہان کی اس جرات نے جہاں بھارتی فوج کی نیندیں حرام کیں وہیں تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی، ایسا لاوا جلایا جس کی شدت نے ہر کشمیری نوجوان کے دل میں آزادی کی تڑپ پیدا کر دی۔ 8 جولائی 2016 کو برہان وانی کی شہادت کے بعد عوامی تحریک شروع ہوئی، تحریک کو دبانے کے لیے درجنوں افراد شہید اور متعدد زخمی کر دیئے گئے تھے۔ برہان وانی نے کشمیری عوام کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھی یہاں تک کہ آٹھ جولائی 2016 کو انہیں دو ساتھیوں سمیت شہید کر دیا گیا۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی ہے۔ انڈوتبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے ایک افسر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر جی ڈی پریم چند نے جمعہ کی صبح پونچھ ضلع میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا ہے۔ دوسری جانب غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے 5 کشمیریوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو ان کی فوری رہائی کی ہدایت کی ہے۔ ایک حملے میں ایک قابض فوجی اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹ میں کہا کہ شہید برہان وانی سفاک بھارتی قابض افواج کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی علامت بن چکے ہیں۔ 2016ء میں ان کی شہادت نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پھر سے جگایا۔ یہ دن ہمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روح کے مطابق تنازع کشمیر کے حل پر دوبارہ زور دینے کی یاد دلاتا ہے۔ دریں اثناء تر جما ن دفتر خارجہ کے مطابق ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی چھٹی برسی ہے۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں برہان وانی کی بے لوث خدمات اور قربانیوں پر ان کی زندگی اور میراث کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیاہے کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کے ایک چہرے کے طور پر برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان ایک بار پھر بھارتی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ طاقت کے اندھا دھند استعمال اور کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو مسلسل نشانہ بنانے سے باز رہے۔