لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سول ایوی ایشن نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ پر 2 ماہ کیلئے علی الصبح طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں سے مسلسل پرندے ٹکرانے کے واقعات کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھایا۔ سول ایوی ایشن نے لاہور ایئرپورٹ پر 11 جولائی سے 2 ماہ کیلئے علی الصبح طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کر دی اور اس حوالے سے نوٹم بھی جاری کر دیا۔ سی اے اے نے کہا کہ ملکی و غیرملکی ایئرلائن نوٹم پر سختی سے عملدرآمد کریں تاہم کسی بھی ہنگامی صورت میں طیارے کو لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ مون سون کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے علی الصبح 5 بجے سے صبح کے 8 بجے تک کوئی بھی طیارہ ٹیک آف اور لینڈنگ نہیں کر سکے گا۔ پابندی کا اطلاق 11 جولائی سے 15 ستمبر تک ہوگا
پرندے ٹکرانے کے واقعات‘ لاہور ایئرپورٹ پر علی الصبح پروازیں 2 ماہ کیلئے بند
Jul 09, 2022