مکہ مکرمہ ‘ میدان عرفات (نوائے وقت رپورٹ‘ ممتاز احمد بڈانی) خطبہ حج میں شیخ محمد بن عبد الکریم نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تقویٰ اختیار کرنے کی بار بار ہدایت کی، تقویٰ اختیار کرنے والا اللہ کا قرب پاتا ہے۔ مسجد نمرہ میں شیخ محمد بن عبد الکریم نے خطبہ حج میں کہا کہ سب سے بڑی نعمت توحید ہے، لوگو! صرف اللہ کی عبادت کرو جس نے تمہارے لیے آسمان و زمین بنائے، دنیا کے مسلمانو! اللہ سے ڈرو کیونکہ اللہ سے ڈرنے میں ہی تمھاری کامیابی ہے، آپ کی مصیبت اللہ کے سوا کوئی دور نہیں کر سکتا، آخرت کی کامیابی بھی صرف اللہ کے احکامات کو ماننے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیکی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرو، حج ویسے ادا کرنا جیسے اللہ کے رسول ﷺ نے ادا کیا، اللہ سے ڈرنے میں ہی کامیابی ہے۔ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا لوگوں کو معاف کردیا کرو، خیر کے کام میں مسلمان ایک دوسرے کیساتھ تعاون کریں، اے اللہ مسلمانوں کے دلوں کو جوڑ دے، اسلامی اقدار کا تقاضا ہے کہ جو چیز نفرت پیدا کرے اس سے دور ہو جاؤ۔ خطبہ حج میں محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ اللہ نے فرمایا اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، مسلمانو! اللہ کے سوا کوئی اور معبود نہیں، وہ یکتا ہے، اللہ کا کوئی شریک نہیں، اس نے اپنا وعدہ پورا کیا، اللہ نے فرمایا اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور اس کے سوا کسی کو نہ پکارو، اللہ نے اپنے اوپر رحم کو لازم کیا۔ اللہ نے انسانوں کو اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا اس نے زمین اور آسمان کو 6 دن میں تخلیق کیا، اللہ نے فرمایا اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اللہ نے رسول اللہ کو آخری نبی بنا کربھیجا، اللہ کی کتاب قرآن مجید دیگر آسمانی کتابوں کی تصدیق کرتی ہے، اللہ نے قرآن میں فرمایا تم پر حج فرض ہے، رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر معاملے میں حکمت سے کام لو۔ خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، اسلام بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے، اللہ کا حکم ہے کہ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو، بہترین انسان وہ ہے جو خیر کی راہ پر گامزن ہو، امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے، اللہ کا فرمان ہے جو بندہ اپنے نفس پر ظلم کرتا ہے تو اس کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے سوا انسان کی مصیبت کوئی دور نہیں کرسکتا۔ نبی کریم کا فرمان ہے کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت نہیں، کالا گورے سے افضل ہے نہ گورا کالے سے۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبدالکریم نے کہا اللہ نے فرمایا کہ متقی کیلئے جنت کی خوشخبری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارے انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور آدم مٹی سے بنے تھے۔ انسانیت کی قدر اور احترام کرنا مسلمانوں پر لازم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جن چیزوں سے بچنے کا کہا‘ اگر ہم ان سے بچ گئے تو ہمارا حج قبول ہوگا۔ میدان عرفات سے ممتاز احمد بڈانی کے مطابق 10 لاکھ عازمین حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے میدان عرفات میں پہنچے۔ مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور دانشور شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے دیا ہے اور خطبے میں کہا ہے کہ اللہ کا حکم ہے کہ جہالت اور بے وقوفی کا مقابلہ کرنے کیلئے درگزر کو اختیار کریں اور نیک کام کی تعلیم دیں۔ صبر کریں کہ یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے۔ آپ کو وہ لوگ ہلکا اور بے صبرہ کریں گے جو یقین نہیں رکھتے۔ یعنی اس بات سے متنبہ رہیں کہ آپ کو جھگڑوں اور ان کے نتائج کی جانب کھینچ کر نہ لے جائیں۔ اس برس سعودی عرب نے 10 لاکھ مقامی اور غیرملکی عازمین حج کو حج کی اجازت دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ پاکستانی ڈائریکٹر حج ساجد منظور اسدی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ تمام پاکستانی عازمین کو عرفات منتقل کر دیا گیا ہے۔ میدان عرفات میں پاکستانی عازمین کے خیمے جبل رحمت کے بالکل قریب ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت نے زائرین حج کی صحت اور سکیورٹی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رکھے ہیں۔ حجاج کی دیکھ بھال کیلئے 25 ہزار افراد پر مشتمل طبی عملہ بھی موجود ہے۔ منیٰ کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔ حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ہانی العمیری نے کہا ہے کہ پانچ ہزار سکیورٹی گارڈ تعینات کئے گئے ہیں۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا فرمان ہے جب بھی مجھے پکارو گے‘ اپنے قریب ہی پائو گے۔ اللہ کا فرمان ہے انسان ہو یا جانور‘ سب سے رحمت کا معاملہ کرو۔ اللہ نے فرمایا اپنے رب کی ایسے عبادت کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ اللہ نے فرمایا میرے سوا کسی سے نہ ڈرو‘ اللہ نے قرآن میں فرمایا اس نے انسان کو بہترین انداز میں پیدا کیا۔ خطبہ حج میں ڈاکٹر عیسی نے کہا کہ رسول اللہؐ نے فرمایا جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہوگا۔ اللہ نے فرمایا مرد اور عورت میں جو بھی بھلائی کا کام کرے‘ اس کو اجر دیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میں نے تمہارے لئے دین کامل کر دیا۔ اللہ نے فرمایا اپنے گھر والوں کو نیکی کا حکم دو۔ اچھی تربیت کرو۔ دریں اثنا میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد اللہ کے مہمانوں نے میدان عرفات میں عبادات‘ توبہ استغفار اور تلبیہ بلند کرنے کے علاوہ ظہر اور عصر کی نمازیں جمع تقدیم کرتے ہوئے ایک ساتھ ادا کیں۔ دونوں باجماعت نمازوں کیلئے ایک ہی اذان دی گئی جبکہ نماز کیلئے دونوں نمازوں کی اقامت الگ الگ دی گئی۔ حجاج کرام میدان عرفات میں نماز مغرب تک قیام کے بعد مزدلفہ روانہ ہو گئے۔ جہاں نماز مغرب اور عشاء جمع کرکے ادا کی گئی۔ رات بھر مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے قیام کے دوران عبادت اور دعائیں کی گئیں۔ مزدلفہ کی حدود ہی سے حجاج کرام رمی جمرات کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔ حجاج کرام آج جمرات کے مقام پر کنکریاں مارنے کا عمل رمی جمرات کا آغاز کریں گے جس کے بعد قربانی کی تصدیق کے بعد حجاج کرام حلق کروانے کے بعد اپنا احرام کھول دیں گے۔ دوسری جانب سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 53 ہزار حجاج کرام نے طبی امداد طلب کی جبکہ ایک ہزار سات سو چھتیس حجاج کرام کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ حجاج کرام میں کرونا یا منکی پاکس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
مسلمان ایک دوسرے سے تعاون کریں : خطبہ حج
Jul 09, 2022