شہید برہان وانی کی برسی پر دفتر خارجہ سے بھارتی سفارتخانے تک احتجاجی ریلی 

اسلام آباد (وقائع نگار) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان اور جموں و کشمیر لبریشن کمشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام جنرل سیکرٹری حریت کانفرنس، شیخ عبدالمتین اور وزیر حکومت جاوید احمد بٹ کی قیادت میں شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر اسلام آباد میں دفتر خارجہ اسلام آباد سے انڈین ایمبیسی تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں شرکت کرنے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید برہان وانی کی تصویر، کتبے اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر شہداءکشمیر کے حق میں اور بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ احتجاجی ریلی سے شیخ عبدالمتین، جاوید بٹ، اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کے وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے بھارت کے کشمیر پر سات دہائیوں سے زائد ناجائز قبضے کی مصنوعی عمارت کو نہ صرف خاکستر کیا بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جلاءبخشی انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر پر پڑنے والے اثرات سے پوری دنیا باخبر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید برہان نے جام شہادت نوش کر کے کشمیر کی تحریک کو نئی نسل میں منتقل کر دیا اور آج کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی کی شکل میں بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ شرکاءنے اس بات کا عہد کیا کہ وہ شہداءکشمیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ قائدین نے بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کرانے پر زور دیا۔ اقوام متحدہ پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ مودی حکومت کی اس مذموم کوشش اور کشمیریوں کوانکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے سے بھارت کے مسلسل انکار کا فوری نوٹس لے۔
احتجاجی ریلی 

ای پیپر دی نیشن