برہان وانی کا 7 واں یوم شہادت، مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ، یوم تجدید منایا گیا 

سری نگر‘ جموں (آئی این پی‘ کے پی آئی )کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے 7 سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی، 8 جولائی 2016 کے روز بھارتی قابض فوج نے برہان وانی کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہڑتال کی ہے اور یوم تجدید منایا ۔ مقبوضہ کشمیر کے گاوں شریف آباد ترال میں پیدا ہونیوالا 22 سالہ کشمیری نوجوان برہان وانی قابض بھارتی سامراج کی طرف سے اپنی قوم پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹتے دیکھ کر برداشت نہ کرسکا، یوں قوم کا یہ عظیم سپوت ہمہ وقت کاروان حریت میں شامل ہو گیا۔ برہان مظفر وانی شہید نے بندوق سے زیادہ انٹرنیٹ کے استعمال کو ترجیح دی جس سے بھارت کے در و دیوار لرز اٹھے، مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں برہان وانی کو جرت اور مزاحمت کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں تقریبا 2 لاکھ بے گھر افراد کو زمین دینے کا اعلان علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بے گھر کشمیریوں کو زمین دینے کے قابض بھارتی انتظامیہ کے اعلان نے عوام میں شدید شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔جبکہ ضلع رام بن میں سڑک کے ایک حادثے میں تین افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مرنے والوں کی شناخت 52 سالہ بھرت سنگھ‘ 30 سالہ گرم سنگھ اور 17 سالہ روت کٹوچ کے طورپر کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن