پیرامیڈیکس کے غیر متزلزل عزم، ہمت‘ ہمدردی کوسلام پیش کرتے ہیں:رضوان نصیر 


لاہور(نامہ نگار)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پیرامیڈکس کے عالمی دن کے موقع پر پیرامیڈیکس کی خدمات کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم دنیا بھر میں پیرامیڈیکس کے غیر متزلزل عزم، ہمت، اور ہمدردی کوسلام پیش کرتے ہیں اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،جو کسی بھی ہنگامی صورتحال اور خاص طور پر کرونا جیسی وبائی امراض کے دوران ہنگامی متاثرین کی زندگیاں بچانے کیلئے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان خیالات کا اظہار پیرامیڈیکس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسزنے بتایاکہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے اپنے آغاز سے اب تک پنجاب بھر میں مختلف حادثات میں 12.8 ملین سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔ خاص طور پرکرونا وباءکے دوران جب کوئی بھی کرونا کے مریض کے قریب آنے کو تیار نہیں ہوتا تھا ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی پیرامیڈیکس نے 23ہزار سے زائدکرونا مریضوں کوایمرجنسی سروسز فراہم کیں اور 4ہزار سے زائدکرونا سے فوت ہونے والے افراد کی باعزت تدفین کا فریضہ بھی سر انجام دیا۔ پیرامیڈکس کا شعبہ خاص طور پر پاکستان میں نسبتاً نوجوانوں کا پیشہ ہے مگر مختلف شعبہ جات میں پیرامیڈکس کے انتہائی اہم کردار کی وجہ سے بڑے وسیع پیمانے پرتیزی سے ترقی بھی کر رہا ہے اور ہم اس کو 2023 میں جداگانہ انداز میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ایمبولینس پیرامیڈیکس آئے روزایمرجنسی متاثرین کوطبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں مشکل اور اکثر جان لیوا حالات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ ان کی مہارتوں اور بروقت فیصلہ سازی بے شمار انسانی زندگیوں کو بچانے میں واضح فرق ڈالتی ہیں اور ان کا یہ کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن