لاہور (نیوز رپورٹر)مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات،سینئر صحافیوں، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، ججزاور معاشی و قانونی ماہرین پر مشتمل نیشنل پبلک فورم کا ماہانہ اجلاس چیئرمین فورم سینئر سیاست دان میاں منظور احمد خاں وٹو کی صدارت میں جم خانہ کلب لاہور میں ہوا،اجلاس میں جمہوریت کی مضبوطی و استحکام کیلئے بلدیاتی اداروں کے قیام کو ناگزیر قرار دیا گیا اور ایک متفقہ قرار داد منظور کی گئی کہ بلدیاتی ادارے قائم کیے جائیں اور آئینی مدت کے اندر تسلسل کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔ میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہا کہ بلدیاتی ادارے نہ ہونے سے مسائل اور عوامی بے چینی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔سسٹم کی خامیاں نمایاں کرنے پر جتنا زور لگایا جاتا ہے اگر اتنا زور خامیاں دور کرنے پر لگایا جاتا تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔مہمان خصوصی وکی نوٹ سپیکر سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ عدالتیں عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور آئینی امور میں بھی دلچسپی لیں۔ کروڑوں ووٹرز کو بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھنا غیر آئینی،غیر جمہوری اور بہت بڑی حق تلفی ہے۔ ملک میں جمہوری اقدار کو مستحکم بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر بھی جمہوریت قائم کرنا ہوگی۔عوام کی بنیادی ضروریات سے لاپروائی برتنے کی وجہ سے سیاسی جماعتیں عوامی پذیرائی سے محروم رہتی ہیں۔سوال و جواب کے سیشن میں شرکاءاجلاس نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش نے اسی جمہوری نظام کے ذریعے ترقی کی اور اپنے اپنے ملک کے عوام کی بہتر خدمت کر رہے ہیں۔اجلاس میں سینئر صحافی،کالم نویس،تجزیہ نگار،ارشاد عارف،سہیل وڑائچ، امجد وڑائچ، نوابزادہ مظہر علی خان،عارف خان،خالد فاروقی،جاوید فاروقی،خالد محمود خالد،ندیم رضا،جمشیدحامدچیمہ،ڈاکٹر امان اللہ ملک،نور اللہ صدیقی،نواز خالد اعرابی،منیر احمد خان،انور سمرا،جواد اعوان،افتخار حسین شاہ،نوشاد علی،منصور آفاق،ڈاکٹر عبید اللہ سرمد،شہزاد،طارق فاروق نے شرکت کی۔