وارث میر …جو آخر دم تک لڑتے ہوئے مارا گیا

Jul 09, 2023

بشیر ریاض

جنرل ضیاء کے تاریک ترین مارشل لاء  دور میں جب ایک طرف پروفیسر وارث میر اردو اخبارات میں اپنی فکر انگیز تحریروں کے ذریعے عوام کیلئے امیدوں کے دیے جلا رہے تھے تو دوسری طرف معروف انقلابی اور لکھاری احمد بشیر روزنامہ ڈان میں بلھے شاہ کے فرضی نام سے لکھے جانیوالے  اپنے کالم میں بین السطور ضیاء کا عوام دشمن ایجنڈا بے نقاب کرنے میں مصروف تھے۔ لیکن پھر ایک روز وارث میر اچانک اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ احمد بشیر نے اپنے دوست کی یاد میں ڈان میں بلھے شاہ کے نام سے جو کالم لکھا اسکا عنوان تھا "ہی ڈائیڈ ود ہز بوٹس ان"۔ یعنی "وہ آخری دم تک لڑتے ہوئے مارا گیا"۔ احمد بشیر نے لکھا کہ میرے دوست وارث میر کا خمیر عوام میں سے اٹھا تھا اور اسی لیے اس درویش کا جنازہ لاہور میں فیض احمد فیض کے بعد سب سے بڑا جنازہ تھا جس میں اسے کے نظریاتی دشمن بھی کاندھا دینے آئے تھے کیونکہ وہ اسکی فکری دیانت کے قائل تھے اور اسکی حق گوئی اور جرات سے مر عوب تھے۔
پروفیسر وارث میرکو ہم سے بچھڑے کئی عشرے بیت گے مگر آج بھی ان کی پر مغز اور فکر انگیز تحریوں کا مطالعہ کریں تو ان میں ہمیشگی کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔ انہوں نے جن بھی موضوعات پر لکھا وہ آج بھی تازہ ہی لگتے ہیں حالانکہ انکے دور میں ذرائع ابلاغ محدود تھے، کیبل تھی، نہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا، فیس بک تھی نہ یو ٹیوب، موبائل فون تھا نہ گوگل کا نام و نشان، بس چند ایک اخبارات تھے یا پھر ہر وقت حکومتی مدح سرائی کرتا ہوا سرکاری ٹیلی وژن اور ریڈیو۔ اس دور میں اخبارات پر سخت ترین سنسر شپ عائد تھی کیونکہ ایک فوجی آمر ایک  جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قابض ہو چکا تھا۔ سیاسی کارکنوں کو قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی تھیں، آئین معطل تھا، جمہوری سرگرمیوں پر پابندی تھی، سچ لکھنے والے صحافیوں کیلئے تازیانے تھے اور بعض کو تو اس دور میں باقاعدہ کوڑے بھی مارے گئے۔ 
 جماعت اسلامی ان دنوں ضیاء کی ناجائز حکومت کی اندھا دھند حمایت کررہی تھی اور سرکاری سرپرستی میں انتہا پسندی کو فروغ دیا جارہا تھا۔ اسلام کے نام پر ملائیت کو پروان چڑھایا جا رہا تھا اور ہر نئی سوچ اور فکر کو مغرب زدگی کا نام دے کر کچلا جارہا تھا، جنرل ضیاالحق اس کے عوض اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں سے اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے حمایت حاصل کررہے تھے۔
پروفیسر وارث میر نے ان مشکل ترین حالات میں بڑی جرات مندی کے ساتھ جنرل ضیاء کے اسلامائزیشن کے عمل کی مخالفت کی اور ان کی اسلام کے نام پر اپنے آمرانہ اقتدار کو طول دینے کی کوششوں کو بے نقاب کیا، انہوں نے اسلام کی اپنی مرضی کی تعبیر کے ذریعے عورتوں کے حقوق غصب کرنے کی کوششوں کی مخالفت کی۔ وارث میر نے جذباتیت کی بجائے سنجیدہ علمی انداز میں عورتوں کے حقوق کا مقدمہ لڑا۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کے عمیق مطالعے اور تحقیق کے بعد اپنا طویل سلسلہ مضامین شروع کیا جو ان کی وفات کے بعد "کیا عورت آدھی ہے؟’’ کے عنوان سے کتابی شکل میں شائع ہوا۔  
پروفیسر وارث میرنے بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے حق میں اپنا قلم نشتر کی طرح چلایا، ضیا کے نام نہاد شریعت بل کی شدت سے مخالفت کی، انہوں نے اس سے پہلے کے ماشل لا ادوار کے میں اپنائے گے ہتھکنڈوں کو بھی موضوع تحریر بنایا، اس دور میں ضیا حکومت کی دست راست جماعت اسلامی وارث میر کی شدید مخالف تھی اور بہانے بہانے سے انکو تنگ کرتی رہتی تھی۔ زندگی کی آخری دنوں میں اس جماعت نے وارث میر کو ایک بڑا صدمہ یہ دیا کہ ان کو بلیک میل کرنے کیلئے اور ذہنی دبائو میں لانے کیلئے انکے ایک 16 سالہ بیٹے کیخلاف قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا۔ بعد میں یہ مقدمہ جھوٹا ثابت ہوا لیکن تب تک پروفیسر وارث میر شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو کر اس جہان فانی سے جوانعمری میں ہی رخصت ہو چکے تھے۔
پروفیسر وارث میر کے اپنے الفاظ میں ایک سچا اور کھرا دانشور اپنے عہد سے جڑا ہوتا ہے۔ وہ عصری مسائل پر بات کرتا اور بہتر مستقبل کیلئے عوام الناس کی فکری رہنمائی کرتا ہے، وہ آج کے حالات و واقعات کا تجزیہ کرتے ہوئے مستقبل میں جھانک لیتا ہے اور اس کی خبر دیتا ہے۔ وارث میر نے بھی اپنے عہد میں آئیں شکن ضیاالحق اور انکے پروردہ مذہبی حلقوں کی پھیلائی ہوئی تنگ نظری اور جہالت کو موضوع بنایا اور بتایا کہ یہ ایک صحت مند معاشرے کیلئے کس قدر خطرناک ہے۔ آنے والے وقت میں ان کا لکھا ہوا ہر حرف درست ثابت ہوا۔ یہی فکری تنگ نظری، شدت پسندی اور رجعت پسندی بعد میں انتہا پسندی اور پھر دہشت گردی میں بدل گئی جس نے پاکستان کے چپے چپے کو لہو رنگ کردیا۔
 وارث میر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مارشل لا کے حواریوں کے خلاف قلمی اور علمی محاذ پر برسر پیکار رہے۔ وہ مسلمانوں کو جدید سائنسی علوم کے حصول پر قائل کرتے اور مسائل و معاملات میں سائنسی اور عقلی انداز فکر اپنانے پر زور دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوچنا، سوال کرنا، شک کرنا اور انکار کرنا علم و معرفت کی پہلی سیڑھی ہے۔ وارث میر ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، ایک استاد، صحافی،  دانشور اور بلا کے مقرر تھے، انہوں نے زندگی میں ان گنت موضوعات پر قلم اٹھایا اور قوم کی فکری رہنمائی کا فریضہ جرأت مندی سے انجام دیا۔ وہ اپنے نظریات کی عملی شکل تھے، ان کی اچانک اور پراسرار موت پر ایک زمانہ ملول تھا۔ وارث میر کی جنگ دراصل جہل، ظلمت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور آمریت کیخلاف تھی، وہ عمر بھر اپنی تحریروں اور تقریروں کے ذریعے حریت فکر کے چراغ جلاتے رہے، اپنے نظریات کا پرچار ان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہوتا اور ایسا ہو ہی نہیں سکتا تھا کہ جس بات کو وہ درست سمجھتے ہوں اسے زبان پر یا ضبط تحریر میں نہ لائیں۔
پاکستان میں ایسے دانشور کم ہی گزرے ہیں جنہوں نے اپنے نظریات کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کی ہو۔وارث میرکا شمار ان دانشوروں میں ہوتا ہے جنہوں نے زندگی کی آخری سانس بھی اپنے نظریات کے پرچار کی نظر کردی۔ بلاشبہ وارث میر آخری دم تک لڑتے ہوئے وہیں اپنے مورچے میں مارا گیا۔

مزیدخبریں