حمزہ کےگردے فیل ہوگئے تھے: ڈاکٹر فضیلہ عباسی

Jul 09, 2023 | 12:25

پاکستانی اداکار  حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے انکشاف کیا ہےکہ چھوٹی عمر میں حمزہ کے دونوں گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فضیلہ عباسی نے اپنے بھائی سے متعلق بات کی اور کہا کہ حمزہ ان سے تقریباً 9 سال چھوٹے ہیں۔اداکار کی بہن نے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس وقت وہ میٹرک کلاس میں تھیں، اس وقت حمزہ کی بیماری معلوم ہوئی جس کے بعد انہیں مختلف انجیکشنز  اور ادویات کا استعمال کرنا پڑا، جس کی وجہ سے وہ کافی موٹے ہوگئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ  حمزہ  بچپن میں گلوومیرولونِفرائٹس (glomerulonephritis) نامی بیماری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ان کے دونوں گردے فیل ہوگئے تھے۔فضیلہ عباسی نے بتایا کہ موٹاپے کے باوجود حمزہ میں کافی فنکارانہ صلاحیتیں موجود تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے امریکا میں دوران تعلیم ایک ریمپ واک کے لیے اس کا  آڈیشن دلوایا جس میں اسے منتخب کرلیا گیا۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ حمزہ علی عباسی حقیقی زندگی میں بالکل بھی اپنے کردار ’نوری نتھ‘ جیسے نہیں ہیں بلکہ اس کے برعکس بہت عاجز انسان ہیں۔دوران گفتگو ڈاکٹر فضیلہ کا کہنا تھا کہ ہماری امی بتاتی ہیں کہ جب حمزہ کی پیدائش ہوئی تھی تو تم اسپتال کے تمام کمروں میں اسے گود میں اٹھائے گھوم رہی تھیں اور خوشی سے نہال تھیں، سب کو کہہ رہی تھیں کہ میرا بھائی ہوا ہے۔فضیلہ عباسی نے کہا کہ حمزہ میری ایک ماں کی طرح ہی عزت کرتا ہے اور وہ ایک بہت ہی پیارا انسان ہے۔

مزیدخبریں