محرم کت دوران کوریج ، سیاسی گلسے پر پابندی کا فیصلہ 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے محرم میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون بندش کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کی ڈرون کوریج پر پابندی ہوگی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس پنجاب میں محرم کے دوران انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بند نہیں کی تھی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں چہلم تک سیاسی اجتماعات، جلسے جلوسوں پر پابندی رہے گی۔ جلوسوں، مجالس کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگرعبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاق صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ امن عامہ سے متعلق صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ اجلاس میں بارش کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے لئے پیشگی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پنجاب، خیبر پی کے، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے پلان پر بریفنگ دی۔ اووربلنگ سے متعلق اجلاس میں محسن نقوی نے بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کو ریلیف دینے کے لیے تمام ڈسکوز کا ڈیٹا طلب کر لیا۔ اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے اوور بلنگ پر بریفنگ دی جبکہ وزیر داخلہ نے پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز ڈسکوز کے ڈیٹا کو چیک کرکے رپورٹ پیش کریں۔ وزیر داخلہ نے 3 روز میں ایف آئی اے ڈائریکٹرز کو تمام شواہد جمع کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شواہد کی جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن