ارشد شریف قتل غلطی نہیں 2.17کروڑ روپے جرمانہ اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جا ئے ، عدالت کینیا

نیروبی (نوائے وقت رپورٹ) کینیا کی ہائیکورٹ نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کا قتل غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیدیا۔ کینیا کی ہائیکورٹ نے ارشد شریف قتل کیس پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے قتل کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔ عدالت نے ارشد شریف کے اہلخانہ کو 2 کروڑ 17 لاکھ پاکستانی روپے ہرجانہ دینے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل ’شناخت میں غلطی کا نتیجہ نہیں تھا۔ کینین ہائیکورٹ نے گولی چلانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست میں جن حکومتی اداروں کا نام لیا گیا وہ اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب ارشد شریف کی بیوہ جوریہ ارشد نے کینین عدالت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ارشد شریف کو کینیا میں انصاف مل گیا مگر پاکستان میں انصاف ملنا باقی ہے۔ یہ جنگ اکیلے لڑی، صرف پاکستانی عوام اور چند صحافتی ادارے ساتھ تھے۔  واضح رہے کہ 23 اکتوبر 2022 کو کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر پولیس نے ارشد شریف کو سر پر گولی مار کر قتل کیا تھا۔ بعدازاں کینیا کی پولیس کی جانب سے واقعہ غلط شناخت کا نتیجہ قرار دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن