صدر زرداری لاہور پہنچ گئے ، پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں 

اسلام آباد؍ لاہور  (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری کی  زیرِ صدارت گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا۔ صدر مملکت نے  کچھی کینال منصوبے کو 1.5 سال میں مکمل کرنے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت منصوبے کی ترجیحی بنیادوں پر بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے فنڈز فراہم کرے گی، کچھی کینال سے بلوچستان کی 713,000 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔ اجلاس میں صدر مملکت کو گرین پاکستان منصوبے کیلئے چھ سٹرٹیجک نہروں کی تعمیر بارے بریفنگ  دی گئی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹرٹیجک نہروں میں چشمہ رائٹ بینک، کچھی، رینی، گریٹر تھل، چولستان اور تھر کینال شامل ہیں، نہروں سے ملکی قابل کاشت رقبہ، لائیو سٹاک اور ماہی گیری کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گورنر ہاؤس لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو پنجاب کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وہ تین روز بلاول ہاؤس لاہور میں قیام کریں گے۔  صدر مملکت آصف علی زرداری نے عبدالستار ایدھی کی برسی پر ان کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار  ایدھی نے تمام تفرقات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی پاکستان اور انسانیت کیلئے بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی انسان دوست شخصیت تھے۔لاہور پہنچنے پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدر مملکت کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف، وزیر خزانہ پنجاپ مجتبی شجاع الرحمن، آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر موجود تھے ۔صدر پاکستان کا گورنر ہاؤس لاہور پہنچ کر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں۔ملاقات کرنے والوں میں راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری،سید حسن مرتضی،رانا  فاروق سعید، سردار علی، داود احمد،حاجی عزیز الرحمن چن،افضل چن، تنویر اشرف کائرہ،نواب شہزاد، احسن رضوی اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر دی نیشن