لاہور (کلچرل رپورٹر)آج ممتاز صحافی، دانشور اور استاد پروفیسر وارث میر کا یوم وفات ہے جو 9 جولائی 1987کو 48 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ انکی صحافتی اور جمہوری خدمات پر آج الحمرا ہال نمبر 1لاہور میں سہ پہر ساڑھے 4 بجے سیمینار کا انعقاد ہو گا جس کی صدارت صدر پاکستان آصف علی زرداری کریں گے۔ صدر زرداری پروفیسر وارث میر کی جمہوری خدمات پر گفتگو کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی کے سکول آف ماس کمیونیکیشن میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں وارث میر اچیومنٹ ایوارڈز بھی تقسیم کریں گے۔ وارث میر پنجاب یونیورسٹی شعبہ صحافت کے سربراہ رہے‘ انہوں نے ضیا دور میں مؤقف پر ڈٹے رہنے اور کلمہ حق بلند کرنے کی بھاری قیمت ادا کی۔ ریاست پاکستان نے خدمات کے اعتراف میںانہیں 2012 میں پاکستان کے اعلیٰ ترین سِول ایوارڈ ’’ہلال امتیاز‘‘ سے نوازا۔