انسداد دہشت گردی  عدالت سرگودھا سے عمرایوب ودیگر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ 

Jul 09, 2024

گوجرانوالہ +سرگودھا(نمائندہ خصوصی+این این آئی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سرگودھا نے9 مئی کے واقعات پر میانوالی میں گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ پر درج مقدمات میں ملوث تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری عمر ایوب،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر اورسابق ایم این ایز محمد احمد چھٹہ،بلال اعجاز اور سابق ایم پی اے امین اللہ کی ضمانت قبل ز گرفتاری میں مذید توسیع کرتے ہوئے 5 جولائی کو عدم پیشی پر عمر ایوب کے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے اور مقدمات کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی جبکہ تیسرے مقدمہ میں ملزمان کی 12 جولائی کو تاریخ پیشی مقرر ہے۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ میانوالی کے 9 مئی 2023 کو گھیراؤ، جلاؤ،توڑ پھوڑ کے واقعات پر تھانہ سٹی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری عمر ایوب، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر،سابق ایم این ایز محمد احمد چھٹہ، بلال اعجاز،سابق ایم پی اے امین اللہ سمیت 46 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے۔جن میں ایک مقدمہ 349/23 میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سرگودھا نے عدم پیشی پر 5 جولائی کو تحریک انصاف کے راہنما اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جبکہ دوسرے مقدمہ میں ملزمان اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر،سابق ایم این ایز محمد احمد چھٹہ، بلال اعجاز اور ایم پی اے امین اللہ وغیرہ کی 8 جولائی اور تیسرے مقدمہ میں تاریخ پیشی 12 جولائی مقرر تھی جن میں گزشتہ روز مقدمہ میں ملوث ملزمان اپنی تاریخ پیشی پر حاضر عدالت ہوئے تو فاضل عدالت کے جج نے ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مذید توسیع کرتے ہوئے عمر ایوب کے 5 جولائی کو جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے اور مقدمات کی سماعت 15 جولائی2024 تک ملتوی کر دی جبکہ ملزمان تیسرے مقدمہ میں 12جولائی 2024 کو ضمانت قبل از گرفتاری میں دوبارہ عدالت پیش ہونگے۔عدالت نے نومئی کے مقدمہ میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور زرتاج گل کی درخواست ضمانت پر سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔ زرتاج گل پیش ہوئی جبکہ عمر ایوب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے عمر ایوب کی حاضری استثناء کی درخواست منظور کر لی۔

مزیدخبریں