کے الیکٹرک سستی بجلی منصوبے تیز کرے‘ مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری: وزیر خزانہ

Jul 09, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کے الیکٹرک کے وفد کو  ادائیگیوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرانے کی  یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی میں خدمات کی فراہمی میں بہتری اور سستی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اپنے منصوبے کو  تیز کرے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں کے الیکٹرک کے سی ای او سید مونس عبداللہ علوی سے ملاقات میں کہی۔ کے الیکٹرک کے نمائندوں نے وفاقی وزیرکو بتایا کہ حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان اس سال کے شروع میں طے پانے والے معاہدے سے کئی مسائل حل ہوگئے ہیں اور کے الیکٹرک اب اپنے بجلی کے مکس کو  بہتر بنانے کے لیے جدید ترین منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے کام کر رہی ہے۔ وفد نے پوسٹ آفس کے ذریعے صارفین کے جمع ہونے والے بلوں کی تاخیر سے ادائیگی کا مسئلہ اٹھایا۔ دریں اثناء محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ  حکومت  ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی  اداروں  کی تنظیم نو کر رہی ہے، برآمدات پر مبنی پائیدار نمو اور استحکام کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں بانی اور چیئرمین ڈیلیوری ایسوسی ایٹس سر مائیکل باربر  سے ملاقات  میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر برٹش ہائی کمیشن  کی  ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئیر، سینئرگورننس ایڈوائزر میٹ کلینسی، گورننس ایڈوائزر نوید عزیز، سینئر اکنامک ایڈوائزر لوئی دانے اور وزارت خزانہ کے افسران بھی موجود تھے۔   سر مائیکل باربر نے نئے مالی سال کے  وفاقی بجٹ  اور حکومت پاکستان کی طرف سے نافذ کردہ ٹیکسیشن  سے متعلق ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو سراہا۔

مزیدخبریں