مریدکے (نامہ نگار)علم لگاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ایک عزادار جاں بحق اور2 شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ گزشتہ روز مین جی ٹی روڈ داؤکے پر بودی پہلوان کے سروس سٹیشن پر پیش آیا۔ معظم کالونی کا 25 سالہ شفاقت جٹ اپنے دو ساتھیوں اکرم انصاری اور جمشید کے ہمراہ علم کو ٹھیک کررہا تھا کہ اسی دوران علم کا آہنی راڈ الیون کے وی تار سے جا ٹکرایا۔ جس سے تینوں افراد بری طرح جھلس گئے۔ ریسکیو 1122 کی مدد سے انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے پہنچایا گیا تاہم شفاقت جٹ جانبر نہ ہو سکا جبکہ دیگر زخمیوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ یکم محرم الحرام کے دن ہونے والے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مریدکے اور گردو نواح میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔