لاہو ر (کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال25 -2024 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیسرے اجلاس میں مختلف سیکٹر زکی 7ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 24 ارب 44کروڑ 9لاکھ 66 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔ترقیاتی بورڈ نے پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن پر چیف منسٹر پروگرام کیلئے 9 ارب روپے، حافظ آباد میں دریائے چناب کے کٹاؤ کے تحفظ کیلئے 84کروڑ 89لاکھ 66ہزار، فیصل آباد جڑانوالہ روڈ کی بحالی کیلئے 3 ارب 80کروڑ 10لاکھ ‘ غازی روڈ لاہورکی بحالی کیلئے 53کروڑ ، سید والا تا جڑانوالہ روڈ کی بحالی و بہتری کیلئے 1 ارب 32کروڑ ، فیصل آباد‘ ستیانہ‘ تاندلیانوالہ‘ مری پتن‘ اوکاڑہ روڈ کی بحالی کیلئے 3 ارب 45کروڑ 10لاکھ اور ساہیوال عارفوالا روڈ کی ڈسٹرکٹ باؤنڈری تک بحالی کیلئے 5 ارب 49کروڑ روپے کی منظوری دی۔