جج کو ہراساں کرنے کا کیس‘ ڈی پی او سرگودھا دیگر نے غیر مشروط معافی مانگ لی

Jul 09, 2024

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا کے جج کو مبینہ ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس افسر سرگودھا (ڈی پی او) ایس ایچ او و دیگر افسروں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ وزیر اعظم ملک سے باہر تھے، عدالتی حکم پر ایک دو ہفتوں میں عملدرآمد کر دیں گے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل مرزا انصر نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے کہا ہے عدالت کے سامنے یہ بیان دے دیں کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہو گا۔ اس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کے سامنے دو معاملات ہیں۔ ایک رٹ ہے دوسرا توہین عدالت کا، توہین عدالت کے معاملے کا کیا کرنا ہے؟ اس پر عدالتی معاون حنا حفیظ عدالت کی معاونت کریں گی۔ بعد ازاں عدالتی معاون نے بتایا کہ توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اس عدالت کے پاس اختیار موجود ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ جن پولیس افسروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہے وہ جواب جمع کرائیں۔ پولیس افسروں نے  تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ غیر مشروط معافی منظور کرنی ہے یا توہین عدالت کی کارروائی کرنی ہے۔ آئندہ سماعت پر فیصلہ کریں گے۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے کارروائی اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ سماعت سے قبل وزارت داخلہ نے بھی ہائیکورٹ کے حکم پر تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا تھا جس میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ اے ٹی سی ججز کی سکیورٹی کا معاملہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ججز اور ان کی فیملی کی سکیورٹی کے ذمے دار آئی جی پنجاب ہیں۔

مزیدخبریں